کارواریکم فروری (ایس او نیوز) شمالی کینرا کے ڈپٹی کمشنر ڈاکٹر ہریش کمار کے بیان کے مطابق ضلع کے 8 اہم سمندری ساحلوں کے لئے 'بلیو فلاگ' حاصل کرنے کی کوشش کی جارہی ہے، جس میں سے کاروار کے ٹیگوربیچ، گوکرن بیچ اور مرڈیشور بیچ کے لئے یہ فلاگ ملنا یقینی ہے۔
ڈی سی نے بتایا کہ جن 8 ساحلوں کے لئے انٹرنیشنل بلیو فلاگ حاصل کرنے کی کوشش کی گئی ہے وہاں پر بلیو فلاگ دینے کی شرائط پوری ہورہی ہیں اس بات کا جائزہ مرکزی حکومت کی کمیٹی لے رہی ہے۔
خیال رہے کہ اس سے قبل شمالی کینرا میں ہوناورکے کاسرکوڈ ساحل کو بلیو فلاگ مل چکا ہے۔ چونکہ دوسرے اضلاع کے مقابلے میں شمالی کینرا کے ساحلوں پر صنعتی آلودگی نہیں پائی جاتی اس لئے بلیو فلاگ ملنا کچھ زیادہ مشکل نہیں ہے۔ اب اگر بیک وقت ضلع کے 8 ساحلوں کو یہ فلاگ ملتا ہے تو یہ ایک خصوصی بات ثابت ہوگی کیونکہ اس سے قبل کبھی ایک ساتھ 8 ساحلوں کو بلیو فلاگ نہیں دیا گیا ہے۔
ڈپٹی کمشنر نے واضح کیا کہ بلیو فلاگ پانے کے لئے جن شرائط کو پورا کرنا ہے اس کے لئے تیاریاں کی جارہی ہیں ، مگر چونکہ یہ ایک لمبا مرحلہ ہوتا ہے اس لئے بلیو فلاگ کی سند حاصل ہونے میں ڈیڑھ سے دو سال کا عرصہ لگ جائے گا۔